آپ ایم پی نے دی صفائی،کہا،بی جے پی ،اکالی دل سیاسی بنیادپرایشوبنارہی ہیں
نئی دہلی ، 22؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )عام آدمی پارٹی کے ایم پی بھگوت مان کے پارلیمنٹ کے احاطے کی ویڈیو بنانے سے تمام رہنما ناراض ہیں۔لوک سبھااورراجیہ سبھا میں آج یہ مسئلہ اٹھا اور سب نے مان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تمام لیڈروں کا خیال تھا کہ ایسا ویڈیو بنانا سیکورٹی کے ساتھ کھلواڑ کرنا ہے۔خود لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، مان کے اس طرح کے رویے سے کافی ناراض ہیں۔سمترا مہاجن نے کہا ہے کہ بھگوت مان کے خلاف کارروائی تو ضرور ہوگی۔مگر کس طرح کی کارروائی ہوگی وہ تمام جماعتوں کے رہنماؤں سے بات چیت کے بعد طے ہوگا۔اس درمیان اسپیکر نے بھگوت مان کو سمن کیا اور ان کی طرف سے بنائے گئے ویڈیو پر ناراضگی کا اظہار کیا۔مان کو انہوں نے بتا دیا کہ آپ کا یہ ایکشن معافی کے لائق نہیں ہے۔تاہم بھگوت مان بار بار یہ صفائی دیتے رہے کہ انہوں نے سیکورٹی میں چوک کے ارادے سے یہ ویڈیو نہیں بنایا۔بلکہ انہوں نے یہ ویڈیولوگوں کو ایجکیٹ کرنے کے ارادے سے بنایا تھا تاکہ لوگوں کو یہ معلومات ہو سکیں کہ وقفہ صفر میں سوال کرنے کے لئے کیسے کیسے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔مان کا تو یہ بھی کہنا تھا کہ اس میں کچھ غلط نہیں ہے بی جے پی، اکالی دل تو سیاسی وجوہات کی بنا پر اس کو ایشو بنا رہی ہیں۔